05 دسمبر 2021
تازہ ترین

واٹس ایپ پر میسج ڈیلیٹ کرنیکا دورانیہ مزید بڑھانے پر کام شروع

لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک) پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والی موبائل ایپلیکیشن واٹس ایپ نے ایک اور بڑی تبدیلی پر کام شروع کر دیا۔ واٹس ایپ دنیا بھر میں اپنے دو ارب صارفین کے لیے آئے روز نت نئے فیچرز متعارف کراتی ہے، جس کا مقصد صارفین کو بہتر اور اچھی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ٹیکنالوجی کی دنیا میں سرفہرست رہنا ہے۔ پرائیویسی پالیسی کے بعد واٹس ایپ کو دنیا بھر سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد کروڑوں صارفین نے متبادل کے طور پر ٹیلی گرام، بپ، سنگلز پر اکائونٹ بنائے۔ صارفین کی تنقید اور دبائو کے بعد واٹس ایپ نے اس پالیسی کو واپس لیا اور پھر صارفین کی توجہ حاصل کرنے کے لئے نت نئے فیچرز متعارف کرانے کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا۔ چند روز قبل واٹس ایپ نے پیسوں کی لین دین کے حوالے سے فیچر متعارف کرایا تھا، جسے کاروباری افراد کی جانب سے سراہا گیا۔ اب واٹس ایپ نے ڈیلیٹ فار ایوری ون فیچر میں تبدیلی پر کام شروع کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ واٹس ایپ کے صارفین کا مطالبہ تھا کہ انہیں بھیجا گیا میسج ڈیلیٹ کرنے کا اختیار دیا جائے، اس پر کمپنی نے 2017ء میں ڈیلیٹ میسج کی سہولت متعارف کرائی۔ ابتدائی دنوں میں یہ سہولت صرف 7منٹ تک فراہم کی گئی تھی، بعد ازاں وقت کو بڑھا کر 8منٹ اور پھر چند ماہ بعد اسے ایک گھنٹے تک بڑھا دیا گیا تھا۔ ویب بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق اب واٹس ایپ نے میسج ڈیلیٹ کرنے کے دورانیے کو مزید بڑھانے پر کام شروع کیا ہے، مستقبل میں صارف کو مخصوص ماہ کے بعد بھی میسج ڈیلیٹ کرنے کی سہولت میسر ہوگی۔ ڈبلیو اے بیٹا انفو کی جانب سے شیئر کئے جانے والے سکرین شاٹ میں دکھایا گیا ہے کہ اگست 2021ء کا میسج نومبر میں ڈیلیٹ کرنے کی سہولت میسر ہے۔ اس فیچر پر ابھی کام جاری ہے، آزمائش کے لئے یہ سہولت صرف واٹس ایپ بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین کو فراہم کی گئی ہے، کامیاب تجربے کے بعد اسے تمام صارفین کے لئے متعارف کرایا جائے گا۔  

واٹس ایپ پر میسج ڈیلیٹ کرنیکا دورانیہ مزید بڑھانے پر کام شروع