21 جنوری 2020
تازہ ترین
 ڈپریشن کی وجہ کہیں سگریٹ تو نہیں

ڈپریشن کی وجہ کہیں سگریٹ تو نہیں

دن بہ دن بڑھتی ذہنی پریشانیوں اورمشکلات کے سبب ڈپریشن کا شکار لوگ سکون حاصل کرنے کے لئے بہت سے راستے اختیار کرتے ہیں جن میں سے ایک بہت زیادہ سگریٹ نوشی ہے۔ جو بدقسمتی سے ہمارے ہاں آزادانہ اور کہیں کہیں تو بڑے فخر اور سٹائل کے طور پر اپنایا جاتا ہے۔ ایسے لوگوں کا ایک ہی نظریہ ہوتا ہے کہ تمام تکالیف سے فوری چھٹکارا پانے کا ایک ہی راستہ ہے یعنی بار بار سگریٹ سلگانا تاکہ فوری سکون حاصل ہو۔ لیکن وہ اس بات سے واقف ہی نہیں کہ سگریٹ نوشی ٹینشن کو کم نہیں بلکہ ڈپریشن میں اضافہ کرتی ہے۔ تحقیق کے مطابق سگریٹ نوشی کے منفی اثرات ڈپریشن میں خطرناک حد تک اضافہ کرتے ہیں۔ وہ لوگ جوخود سگریٹ نہیں پیتے لیکن ان افراد کے ساتھ رہتے ہیں جوسگریٹ نوش ہیں تو وہ بھی سگریٹ کے دھوئیں سے متاثرہوجاتے ہیں۔ ایک طویل مطالعے کے مطابق وہ لوگ بھی اس دھوئیں کے سبب ڈپریشن میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔ وہ افراد جو سگریٹ پیتے ہیں اور وہ  جو سگریٹ پینے والے افراد کے ساتھ وقت گزارتے ہیں دونوں ہی ڈپریشن کے مرض کے خطرے میں گھرے ہوتے ہیں۔ سوال اٹھتا ہے کہ اس سے کیسے نجات حاصل کریں؟ اگر آپ کا ڈپریشن بڑھتا جارہاہے تو آپ کو چاہئے کہ اس سے نجات کے لئے فوری طور پرسگریٹ نوشی ترک کر دیں اگر فوری طور پر یہ عمل انجام نہیں دے سکتے تو آہستہ آہستہ اس سے دوری اختیار کریں ۔ حقیقت یہ ہے کہ سگریٹ نوشی ترک کرنے میں وہی لوگ کامیاب ہوتے ہیں جو واقعی اسے چھوڑنا چاہتے ہیں۔ اپنے ساتھ رہنے والے لوگ یا ڈاکٹر کو آگاہ کریں تاکہ وہ آپ کو بہتر تجاویز فراہم کریں اور روزانہ کی بنیاد پر آپ کے فیصلہ کو دہرائے تاکہ سگریٹ چھوڑنے کا ارادہ کامیاب ہوسکے۔ یاد رکھیں جب آپ شروع شروع میں سگریٹ نوشی چھوڑتے ہیں تو کچھ دن آپ کو اچھا محسوس نہیں ہوتا اور آپ کو لگے  گا کہ سگریٹ چھوڑنے سے آپ کا ڈپریشن مزید بڑھ گیا ہے لیکن آپ ثابت قدم رہیں۔ سگریٹ نوشی محض ایک عادت نہیں بلکہ یہ ایک اصلی کیمیائی نشہ ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی طاقتور نفسیاتی بگاڑ بھی پیدا کرتی ہے۔ نکوٹین چھوڑنے کے منفی اثرات میں بے قراری ، چڑ چڑاپن اور عمومی بیزاری شامل ہیں۔ جس کی وجہ سے کسی بھی کام پر توجہ مرکوز کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔کچھ لوگوں کونیند کی کمی، غنودگی کا حملہ، ڈپریشن اور کچھ افراد بھوک کی زیادتی کا شکار ہوجاتے ہیں۔ وہ بھی حقیقت ہے کہ سگریٹ نہ پینے والے افراد سگریٹ نوشی کرنے والے افراد کا مسئلہ سمجھ ہی نہیں پاتے وہ کہتے ہیں کیا ہے؟ محض عادت ہی تو ہے اس پر قابو پالو!لاکھوں لوگوں نے سگریٹ پینا چھوڑ دی ہے تم بھی چھوڑ دو حالانکہ سگریٹ پینے والے سگریٹ کے بغیر جینے کا تصور بھی نہیں کر سکتے ہیں۔ کیونکہ سگریٹ ان کی زندگی کا لازمی حصہ بن جاتی ہے تو لہذا اپنے پن کا ثبوت دیجئے اور اپنے پیاروں کو شدید بیمار ہونے سے بچانے کے لئے اہم کردار ادا کریں۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟