05 دسمبر 2021
تازہ ترین
کرونا فیس ماسک کو اوون میں رکھ کر جراثیم سے پاک کریں

کرونا فیس ماسک کو اوون میں رکھ کر جراثیم سے پاک کریں

  نیو یارکٜ سائنس دانوں نے کرونا وائرس والے ماسک کو پاک اور دوبارہ استعمال کے قابل بنانے کا ایک بہت آسان حل پیش کیا ہے۔ اس کے لیے صرف اتنا کرنا ہوگا کہ ماسک کو چند منٹ تک اوون میں رکھ کر 70درجے سینٹی گریڈ تک گرم کرنا ہوگا۔ اس طرح ایک ماسک کو بار بار استعمال کیا جاسکتا ہے اور کووڈ سے پیدا ہونے والے کچرے کو کم کیا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے اوون گھروں میں موجود ہوتے ہیں جس میں صرف پانچ منٹ تک گرم کرکے اسے پاک صاف کیا جاسکتا ہے۔ یہ تحقیق جرنل آف ہازرڈوز مٹیریئل میں شائع ہوئی ہے۔ سب سے بہتر طریقہ یہ ہے کہ استعمال شدہ ماسک کو اوون میں رکھ کر 70درجے سینٹی گریڈ پر پانچ منٹ تک گرم کیا جائے تو اس طرح 99.9سارس کوو ٹو وائرس تلف ہوجاتے ہیں۔ اس طرح سادہ طریقہ بہت آسانی سے ایف ڈی اے کی جراثیم کشی کے معیارات پر پورا اترتا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ طریقہ مستقبل میں کسی اور بڑی وبا میں بھی کام آسکتا ہے۔ یہ تحقیق رائس یونیورسٹی کے پروفیسر ڈینیئل پریسٹن نے کی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ عین یہی طریقہ کرونا کے علاوہ بھی دیگر کئی اقسام کے جراثیم کو آسانی سے تلف کرسکتا ہے۔ اس کے علاوہ الٹرا وائلٹ شعاعوں سے بھی جراثیم کو مارا جاتا ہے لیکن بالائے بنفشی شعاعوں کی سہولت ہر گھر میں موجود نہیں ہوتی۔ دوسری جانب یہ شعاعیں ڈاکٹری لباس (پی پی ای) اور ماسک کی تہوں تک نہیں پہنچتی۔ اس کے مقابلے میں حرارت ہر جگہ نفوذ کرجاتی ہے اور اور وائرس کو بڑی حد تک تباہ کرڈالتی ہے۔ اس ضمن میں تحقیق بہت کم کی گئی تھی۔ لیکن مسلسل تحقیق سے ثابت ہوا کہ کپڑے کے ماسک بھی حرارت سے جراثیم سے مکمل طور پر پاک ہوجاتے ہیں۔ اب اگر روایتی ماسک کو پانچ منٹ سے زیادہ بھی گرم کیا جائے تو اس کے معیار پر کوئی فرق نہیں پڑتا اور نہ ہی وہ کمزور ہوکر پھٹتا ہے۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا آپ کووڈ 19 کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے مطمئن ہیں؟